چھٹیاں چھٹیاں اور پھر چھٹیاں ، پنجاب میں 3 ماہ کےلئے سکول بند رہیں گے
فوٹو : فائل
لاہور: چھٹیاں چھٹیاں اور پھر چھٹیاں ، پنجاب میں 3 ماہ کےلئے سکول بند رہیں گے پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں شدید گرمی کی لہر اور طلبہ کی صحت کے پیشِ نظر اسکولوں میں طویل گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت تعلیمی ادارے تقریباً تین ماہ سے زائد عرصے تک بند رہیں گے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات 22 مئی بروز جمعہ سے شروع ہوں گی جبکہ تمام تعلیمی ادارے 24 اگست کو دوبارہ کھولے جائیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور ہیٹ ویو کے خدشات کے باعث طلبہ، اساتذہ اور اسکول اسٹاف کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں کی صحت اور محفوظ تعلیمی ماحول کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
رانا سکندر حیات نے یہ بھی اعلان کیا کہ صوبے بھر میں خستہ حال اور خطرناک عمارتوں والے اسکول فوری طور پر خالی کیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور تعلیمی افسران کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ ایسے اسکولوں کی فوری نشاندہی کر کے طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے موسمِ گرما کے دوران اسکولوں کی مرمت، صفائی، بجلی اور پانی کے نظام کی بہتری کے لیے بھی خصوصی پلان تیار کیا ہے تاکہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث چھوٹے بچوں کو صحت کے مسائل، پانی کی کمی اور ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے قبل از وقت یا طویل تعطیلات کا فیصلہ مثبت اقدام ہے۔
دوسری جانب والدین اور طلبہ نے گرمیوں کی طویل چھٹیوں کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا ہے، تاہم کئی والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ تعطیلات کے دوران آن لائن تعلیمی سرگرمیوں اور سمر کیمپس کے حوالے سے بھی واضح پالیسی دی جائے تاکہ بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
واضح رہے ایران جنگ اور دیگر وجوعات کے باعث بار بارسکول بند ہوتے رہے ہیں جب کہ اس دوران بچوں کے پیپرز بھی متاثر ہوئے اور اب ایک بار پھر شدید گرمی کے باعث گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیاہے۔
Comments are closed.