مریم نواز نے لیگی ایم پی اے کرنل ریٹائرڈ سردارایوب کے ڈیرے پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا

مریم نواز نے لیگی ایم پی اے کرنل ریٹائرڈ سردارایوب کے ڈیرے پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا

فوٹو : فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیگی ایم پی اے کرنل ریٹائرڈ سردارایوب کے ڈیرے پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ رجانہ کے علاقہ 184 گ ب میں مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی کرنل(ر) سردار ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر مسلح افراد نے دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایم پی اے سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئےتھے ۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہےملزمان کی گرفتاری کیلئے پہلے ہی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے ڈیرے کو گھیر کر اچانک فائرنگ شروع کردی، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ضیغم عباس، ندیم، حقنواز اور خالق داد شامل ہیں۔

واقعے میں رکن صوبائی اسمبلی کرنل(ر) سردار ایوب گادھی، شہباز اور ریاض شدید زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کردیا گیا۔

اطلاع ملتے ہی آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور ڈی پی او ٹوبہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور کہا کہ ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ ڈیرے اور اطراف میں سکیورٹی سخت کردی گئی جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سابق صوبائی وزیر ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر حملے کی مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے حملے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے واقعے میں ملوث ذمہ دار ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے حملے میں جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا، جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی،مریم نواز شریف نے سابق صوبائی وزیر ایوب گادھی اور دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

Comments are closed.