بنوں حملہ، افغان سرزمین کے استعمال کے شواہد، پاکستان کا کابل سے شدید احتجاج
فوٹو : فائل
اسلام آباد: دفتر خارجہ پاکستان نے بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں افغان سرزمین کے استعمال کے شواہد سامنے آنے کے بعد افغان عبوری حکومت کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں تعینات افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے باضابطہ احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، جس میں واضح کیا گیا کہ تحقیقات، انٹیلی جنس رپورٹس اور تکنیکی شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر نے کی۔
پاکستان نے افغان حکام کو آگاہ کیا کہ بنوں حملے کا مرکزی سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ افغانستان میں روپوش ہے، جبکہ حملے میں ملوث دہشت گرد گروہ سرحد پار محفوظ پناہ گاہوں سے کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف افغان سرزمین کا مسلسل استعمال ناقابلِ قبول ہے اور افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ داری پوری کرے۔
پاکستان نے مطالبہ کیا کہ افغان طالبان حکومت کالعدم دہشت گرد تنظیموں، فتنۃ الخوارج، فتنۃ الہندوستان اور داعش کے خلاف فوری، مؤثر اور قابلِ تصدیق کارروائی کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ وہ اپنی قومی سلامتی، سرحدی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف ہر ممکن اقدام اور جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے حالیہ مہینوں میں یہ متعدد بار افغان حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی جا چکی ہے کہ سرحد پار دہشت گرد نیٹ ورکس پاکستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تاہم اب بنوں حملے کے بعد اسلام آباد نے اپنا مؤقف مزید سخت کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے، سرحدی نگرانی کے مؤثر نظام اور مطلوب دہشت گردوں کی حوالگی کے حوالے سے عملی اقدامات کرے۔
دفاعی اور سیکیورٹی ماہرین کے مطابق بنوں حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے سفارتی سطح پر سخت احتجاج اس بات کا اشارہ ہے کہ اسلام آباد دہشت گردی کے مسئلے پر اب مزید سخت اور واضح پالیسی اختیار کر رہا ہے۔
بنوں حملہ، افغان سرزمین کے استعمال کے شواہد، پاکستان کا کابل سے شدید احتجاج
Comments are closed.