پاکستان کو دو دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالرمالی معاونت کی یقین دہانی
فوٹو : فائل
اسلام آباد: پاکستان کو دو دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالرمالی معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے،میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی اس خبر میں دعویٰ کیا گیاہے کہ یہ رقم پانچ ارب ڈالر سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے جبکہ حکومت نے متحدہ عرب امارات کو واجب الادا قرض کی مرحلہ وار واپسی کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے یو اے ای کو مجموعی طور پر 3.5 ارب ڈالر کا قرض رواں ماہ ہی واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلی ادائیگی 45 کروڑ ڈالر کی ہوگی جو رواں ہفتے ادا کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قرض پاکستان نے 1996-97 کے دوران حاصل کیا تھا۔
مزید تفصیلات کے مطابق 2 ارب ڈالر کی بڑی قسط 17 اپریل کو جبکہ ایک ارب ڈالر 23 اپریل کو واپس کیے جائیں گے۔ اس سے قبل منصوبہ یہ تھا کہ دو اقساط رواں ماہ جبکہ ایک قسط آئندہ ماہ ادا کی جائے، تاہم اب تمام ادائیگیاں اسی ماہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یو اے ای نے 6.5 فیصد سود لگا کر پاکستان کے قرض میں 2 ماہ کی توسیع کردی
ذرائع کے مطابق پاکستان نے یو اے ای سے 2 ارب ڈالر کا قرض 2018 میں حاصل کیا تھا، جبکہ ایک ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس 2023 میں لیے گئے تھے۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر قرض کی واپسی کے لیے کافی ہیں اور جون تک کی تمام مالی ذمہ داریوں کے لیے مکمل انتظام کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنا ہیں، جن کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ دوست ممالک کی جانب سے مالی معاونت کی یقین دہانی سے نہ صرف ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوگا بلکہ معیشت کے استحکام میں بھی مدد ملے گی۔
Comments are closed.