ملک بھر میں طوفانی بارشوں، تیز آندھی اور برفباری کا الرٹ جاری
فوٹو : اے آئی
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں طوفانی بارشوں، تیز آندھی اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا ، جس کے تحت آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق اس دوران تیز ہواؤں، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
محکمہ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوگی، جبکہ پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، آندھی اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بھی اس سسٹم کی زد میں آئیں گے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، دیر، بنوں اور ڈی آئی خان میں آندھی اور بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اسکردو، ہنزہ، مظفرآباد اور وادی نیلم میں برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت، خضدار، تربت اور گوادر سمیت کئی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے مزید کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔
Comments are closed.