پاکستان مشرق وسطیٰ صورتحال،سفارتی کردار پر خاموش نہیں، بھرپور انداز میں متحرک ہے، ترجمان
فوٹو : فائل
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ صورتحال،سفارتی کردار پر خاموش نہیں، بھرپور انداز میں متحرک ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں خطے میں امن کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور اس بات کا اظہار بھی کیا ہے کہ پاکستان مذاکرات کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز سمجھے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی پالیسی رہنمائی کی روشنی میں دفتر خارجہ مسلسل عالمی رابطوں میں مصروف ہے جبکہ خود وزیراعظم ذاتی طور پر سفارتی سرگرمیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 23 مارچ کو وزیراعظم نے ابراہیم رئیسی سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے محمد بن سلمان اور رجب طیب اردوان سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے رابطے کیے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے کویت، ترکیہ، اردن، لبنان، مصر اور بنگلہ دیش کے سربراہان مملکت سے بھی بات چیت کی جبکہ 20 مارچ کو چھ عالمی رہنماؤں سے رابطہ کیا گیا۔ ان تمام رابطوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کا خاتمہ اور امن کا قیام ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جہاں ایک طرف سفارتی کوششیں جاری ہیں، وہیں میڈیا اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات اور قیاس آرائیاں تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سفارت کاری صبر، تحمل اور ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا عزم واضح ہے اور وہ خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب ترجمان نے جامع مسجد سری نگر کی عید کے موقع پر بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔
Comments are closed.