سعودی عرب،ترکیہ،عراق سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے

سعودی عرب،ترکیہ،عراق سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے

فوٹو : سوشل میڈیا

مکہ مکرمہ : سعودی عرب،ترکیہ،عراق سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے،سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسجد الحرام میں نمازعید ادا کی ۔

نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہوں گے، لاکھوں فرزندان توحید نماز عید ادا کریں گے۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز  نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی، شاہ سلمان نے عالمی امن واستحکام کیلئےکوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، امت مسلمہ کےلیے امن، سلامتی اور  استحکام کی دعا کی۔

ادھر  ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج عید منائی جارہی ہے جب کہ پاکستان ،بھارت، بنگلادیش ، سری لنکا ، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں عید کل ہفتہ کو منائی جائے گی۔

آسٹریلیا میں بھی آج عید ہے،  وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد گئے جہاں انہوں نے مسلمانوں کےتہوار میں شریک ہوکر مبارکباد دی۔ امریکا میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر  آج منائی جائےگی۔

برطانیہ سمیت یورپ بھر میں مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے آج عید منانے کا اعلان کردیا، لندن میں سب سے بڑی اور رنگارنگ چاند رات ہوئی، جیو ٹی وی اور جنگ کے تعاون سے منعقد چاند رات میں لوگوں کی گہماگہمی دیکھنے میں آئی۔

ہاتھوں پر مہندی کے خوبصورت ڈیزائن بنوانے کیلئے مہندی کے اسٹالز  پر خواتین کی لمبی قطاریں لگی رہیں، خوبصورت ملبوسات، چوڑیاں، جیولری، پرفیوم، میک اپ، کھلونے و دست کاری کے اسٹالز پر بھی رش رہا، چاند رات منانے آنے والوں کیلئے مزے مزے کے کھانوں کابھی اہتمام کیا گیا۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بین الاقوامی امن واستحکام کی سپورٹ کے لیے سعودی عرب کی جاری کوششوں پر زور دیا ہے۔
انہوں نے عید الفطر کے موقع پر سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے شاہی پیغام پڑھ کر سنایا۔پیغام میں کہا گیا ’ہم رب تعالی سے دعاگو ہیں کہ ہمارے تمام نیک اعمال کو قبول کرے، ہمارے ملک و ملت اسلامیہ کو امن، سلامتی اور استحکام کی دولت سے مالامال رکھے۔‘

Comments are closed.