فلور ملز ایسو سی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی
فوٹو ؛فائل
لاہور(ویب ڈیسک )چوکر پر سیلز ٹیکس ختم کر نے کے اعلان کے بعد فلور ملز مالکان نے آٹے پر سیلز ٹیکس کے خلاف ہڑتال کی کال واپس لے لی۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے آٹے اور آٹے کی مصنوعات پر عائد جنرل سیلز ٹیکس کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس کے خاتمے سے انکار پر ملز مالکان نے آج سے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔
ادھرپاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا احمد نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، جہانگیر ترین اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے مذاکرات میں مثبت کردار ادا کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قانونی وضاحتی خط جاری کیا ہے جس کے مطابق آٹے اور چوکر پر عائد 17 فیصد سیلز ٹیکس کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
قانونی وضاحت کے مطابق آٹا، میدہ اور فائن کی کسی بھی پیکنگ یا اوپن فروخت پر سیلز ٹیکس عائد نہیں ہو گا تاہم اعلامیے میں چوکر پر سیلز ٹیکس عائد ہونے کے حوالے سے کوئی الگ سے وضاحت نہیں کی گئی۔
Comments are closed.