انضمام الحق کا چیف سلیکٹر کے عہدہ سے مستعفی ہونے کا اعلان

    
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدہ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیاہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 3 سال تک بھرپور طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، 30 جولائی تک اپنی مدت پوری ہونے پر عہدے سے الگ ہو جاؤں گا۔

انضمام الحق نے کہا کہ میں ایک کرکٹر ہوں اور میرا روزگار اسی پیشے سے وابستہ ہے، اگر کرکٹ بورڈ نے مجھے کوئی مختلف ذمہ داری دی تو میـں ضرور دیکھوں گا لیکن سلیکشن کمیٹی کے لیے مزید کام سے معذرت کر چکا ہوں۔

ورلڈکپ میں کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو بطور کرکٹر بہتر سجھتا ہوں، ہم نے جس طرح آخری 4 میچز جیتے وہ سب کے سامنے ہے، پاکستان نے فائنل کھیلنے والے دونوں ٹیموں کو ہرایا، ہماری ٹیم اور کارکردگی اچھی رہی لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔

انضمام الحق نےشعیب ملک سے متعلق سوال پر  کہا شعیب ملک گزشتہ تین سال سے بہترین پرفارم کر رہا تھا جس کی بنیاد پر انہیں ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا، شعیب ملک اچھا کھلاڑی ہے لیکن بدقسمتی سے ورلڈکپ میں پرفارم نہیں کر سکا۔

یاد رہے انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر عہدے کی معیاد اپریل میں ختم ہو گئی تھی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی معیاد میں ورلڈ کپ تک توسیع کر دی تھی۔

Comments are closed.