چین کاامریکا اور اسرائیل سے ایران پرحملے فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ
فوٹو : سوشل میڈیا
بیجنگ : چین کاامریکا اور اسرائیل سے ایران پرحملے فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ، حملوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کردیا، دونوں ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اس تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی انتہائی تشویشناک ہے اور ایسی جنگ کا آغاز ہی نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہوتا اور تنازعات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔
وانگ ای کا کہنا تھا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے کسی بھی بیرونی منصوبے کو عالمی سطح پر حمایت حاصل نہیں ہوئی اور ایسے اقدامات خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ایران سمیت خلیجی ممالک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر یقین رکھتا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی علاقائی اورعالمی امن کے لیے خطرہ
چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور جنگ کے دائرہ کار کو مزید پھیلنے سے روکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ صورتحال کو مزید خراب کرنے کے بجائے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔
چین نے واضح طور پر مطالبہ کیا کہ ایران پر جاری حملوں کو فوری طور پر روکا جائے اور مسئلے کے حل کے لیے سفارتی اور سیاسی راستہ اختیار کیا جائے۔
دوسری جانب روس نے بھی اس معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔ روسی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایسی کارروائیاں مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر جنگ کا سبب بن سکتی ہیں اور عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق چین اور روس کے بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ایران پر حملوں کے معاملے پر عالمی طاقتوں کے درمیان سفارتی کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے اور یہ صورتحال عالمی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
Comments are closed.