ورلڈکپ کوالیفائی کرتے ہی پاکستان ہاکی ٹیم ریلیکس ہوگئی،فائنل میں شکست

ورلڈکپ کوالیفائی کرتے ہی پاکستان ہاکی ٹیم ریلیکس ہوگئی،فائنل میں شکست

فوٹو : سوشل میڈیا

اسماعیلہ : ورلڈکپ کوالیفائی کرتے ہی پاکستان ہاکی ٹیم ریلیکس ہوگئی،فائنل میں شکست کاسامناکرنا پڑا، انگلینڈ نےاہم ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 4 گول کے واضح فرق سے ہرا دیا۔

مصر کے شہر اسماعیلہ میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پورے ایونٹ میں جان مار کرکھیلنے والی پاکستان ٹیم فائنل میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی، سنسنی خیز مقابلے میں قومی ٹیم دفاعی کمزوریوں کے باعث برتری برقرار نہ رکھ سکی اور انگلش ٹیم نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔

فائنل میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ دوسرے کوارٹر میں انگلینڈ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا گول اسکور کیا اور پاکستان پر دباؤ بڑھا دیا۔

تیسرے کوارٹر میں انگلینڈ کے کھلاڑی سیموئل ہوپر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے لگاتار دو گول کیے جس سے انگلینڈ کی برتری 0-3 ہوگئی اور میچ پاکستان کے لیے مزید مشکل بن گیا۔

پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے بہترین کوشش کرتے ہوئے ایک خوبصورت فیلڈ گول اسکور کیا اور ٹیم کا خسارہ کم کیا، تاہم آخری کوارٹر میں انگلینڈ نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 1-4 سے اپنے نام کرلیا اور ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔

قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی قابل تعریف رہی۔ پاکستان نے ایونٹ میں مسلسل چار میچ جیت کر پہلے ہی ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔ قومی ٹیم نے سیمی فائنل تک شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیموں کو شکست دی اور فائنل تک رسائی حاصل کی۔

واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ رواں سال 14 اگست سے بیلجیم اور نیدرلینڈ میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان سمیت دنیا کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ ہاکی ماہرین کے مطابق اگر قومی ٹیم دفاع اور پنالٹی کارنر پر مزید توجہ دے تو ورلڈ کپ میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

Comments are closed.