ٹی20 ورلڈ کپ،پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سپر ایٹ کا پہلا میچ بارش کھا گئی

فوٹو : سوشل میڈیا

کولمبو : ٹی20 ورلڈ کپ،پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سپر ایٹ کا پہلا میچ بارش کھا گئی، دونوں ٹیموں کو میچ منسوخ ہونے کے باعث ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، ٹاس پاکستان کے کپتان نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بیٹنگ کی نوبت نہ آئی.

کولمبو میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ 2 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کرنا پڑا کیونکہ بارش نے ایک گیند بھی پھینکنے کا موقع نہ دیا.

کولمبو کے آر پریماداسا اور اس کے اطراف میں بارش کا سلسلہ میچ منسوخی کے اعلان تک جاری رہا۔ کولمبو میں مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ کی منسوخی کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ میچ کا آخری کٹ آف ٹائم 9 بج کر 46 منٹ تھا۔ 5 اوورز کا میچ ہونے کے لیے 9 بج کر 46 منٹ تک میچ شروع ہونا لازمی تھا، تاہم اس وقت سے پہلے ہی میچ کو منسوخ کردیا گیا۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے فوراً بعد بارش شروع ہوئی مسلسل جاری رہی۔

نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی.

پاکستان اب 24 فروری کو سپر 8 مرحلے کا دوسرا میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا.

Comments are closed.