کراچی سولجر بازار میں گیس دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے15 افراد کے نام
فوٹو : سوشل میڈیا
کراچی : کراچی سولجر بازار میں گیس دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے15 افراد کے نام سامنے آگئے ہیں، جب کہ آخری اطلاعات آنے تک ریسکیو ذرائع کے مطابق مزید دو افراد ملبہ تلے دبے ہیں جنھیں نکالا جارہا تھا.
دھماکہ سے تباہ ہونے والی عمارت سے جو لاشیں نکالی گئی ہیں ان میں 60 سالہ محمد شاہد ولد غلام رسول، 50 سالہ وکیہ ولد چھوٹا، 14 سالہ بلاول ولد وکیہ، 10 سالہ پدھرا دختر وکیہ، 6 سالہ عدنان ولد وکیہ، 7 سالہ ریاض ولد وکیہ، 25 سالہ تسلیم دختر وکیہ، 6 سالہ زین العابدین ولد کامران، 40 سالہ کامران ولد نذر محمد، 12 سالہ سنہان ولد وکیہ شامل ہیں.
ملبہ سے 13 سالہ کوثر دختر انور علی، 55 سالہ آمنہ زوجہ وکیہ، 18 سالہ جنید ولد محمد انور، شناخت 44 سالہ زینب کے نام سے کی گئی جبکہ دوسری 17 سالہ افشاں کے نام سے ہوئی۔
کراچی کے کے علاقے گل رعنا کالونی سولجر بازار میں ایک گھریلو عمارت میں سحری کے وقت گیس سلینڈر دھماکا کے نتیجے میں چھت گر گئی، جس سے یہ اموات واقع ہوئیں ،حادثہ گلی نمبر 05 کے قریب آغا خان اسکول کے علاقے میں پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز اور رضا کار زخمیوں کی فوری منتقلی کے لیے سرگرم عمل رہے۔لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں طبی امداد جاری ہے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں طلحہ اور ایک 60 سالہ شخص ریاض شامل ہیں۔ امدادی ادارے اور متعلقہ حکام موقع پر موجود ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ کیا تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں، اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اے ایس پی جمشید عاشر کے مطابق واقعہ چار بجکر 15 منٹ پہ پیش آیا۔ بلڈنگ گارڈر پہ بنی تھی۔ عمارت گرنے کی وجہ تلاش کی جارہی ہیں
چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر عابد نے بتایا کہ گیس بلاسٹ پہلی منزل پہ ہوا۔ سحری کے وقت دھماکہ ہوا۔ دھماکہ گیس لیکیج کے سبب ہوا ہے۔ گراونڈ پلس دو منزلوں پہ چھوٹے کمرے بنے ہوئے ہیں۔جگہ بہت کم ہونے میں آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دھماکہ اور بڑے حادثے کے بعد اب یہ بتایا جا رہا ہے کہ یہ لیگل عمارت نہیں یہ ایک ایک کمرہ کی عمارت ہے۔ عمارت گرنے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان ہوا۔ حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیاں متاثر نہ ہوں۔ جاں بحق و زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصر اللّٰہ عباسی کے مطابق عمارت کے ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، دھماکے کی شدت سے عمارت متاثر ہوئی اور زمین بوس ہو گئی۔ تباہ ہونے والی عمارت 2 منزلہ ہے.
دھماکہ سے زخمی ہونے والے 14 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دن 12 بجے تک عمارت کو کلئیر نہیں کیا گیا تھا.
Comments are closed.