ہم نے رابطہ کیا یا آئی سی سی نے؟ تھوڑا صبر کرلیں، وقت خود بتائے گا، پی سی بی

فوٹو : فائل

لاہور : ہم نے رابطہ کیا یا آئی سی سی نے؟ تھوڑا صبر کرلیں، وقت خود بتائے گا، پی سی بی کی طرف سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر بھارتی میڈیا میں آنے والے دعوے کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مسترد کردیا۔

ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ عامر میر کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا جھوٹ پر مبنی دعوے کر رہا ہے۔ یہ خبر درست نہیں کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان پی سی بی عامر میر نے یہ بھی کہا کہ تھوڑا صبر کریں اور پھر وقت بتائے گا کس نے دروازہ کھٹکھٹایا اور کس نے نہیں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے بےبنیاد دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے آئی سی سی رابطہ کیا ہے۔

بھارتی سپورٹس جرنلسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے نتائج اور ممکنہ پابندیوں سے آگاہ کیے جانے کے بعد رابطہ کیا تھا۔

بعدازاں ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی سی سی نے ایک کوشش کرتے ہوئے پی سی بی کو خط لکھا تھا جس کا جواب بھی دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی سی سی ہی اب خط سے متعلق جواب دے گی کہ اسے پی سی بی سے کیا جواب ملا۔

جب سے پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کا 15 فروری کا شیڈول میچ کھیلنے سے انکار کیا ہے بھارتی میڈیا اُوٹ پٹانگ دعوے کر رہا ہے اور بھارتی جرنلسٹس بھی بے بنیاد دعوے کر کے اپنے یوٹیوب چینلز پر غلط بیانیاں کر رہے ہیں.

Comments are closed.