حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کردی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ برقرار
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کردی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا اور ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہفتے کے لیے پیٹرولیم منصوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے جب کہ ئئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔
واضح رہے ایران جنگ کے بعد حکومت نے بار بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، پہلا بڑا اضافہ 6 مارچ 2026 کو کیا گیا، جب حکومت نے عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔
اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت بڑھ کر تقریباً 321 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی، جو حالیہ برسوں کی بلند ترین سطح تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 55 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے ہوگئی تھی۔
دوسری بار 3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی جب کہ ڈیزل کی قیمت 184 روپے بڑھا کر 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی تھی۔
اس کے بعد عوامی ردعمل اور عالمی قیمتوں میں جزوی کمی کے تناظر میں حکومت نے ایک بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد قیمت کم ہو کر تقریباً 378 روپے فی لیٹر پر آ گئی تھی۔
اسی طرح رواں سال ہی 10 اپریل کو وزیراعظم نے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں صرف 10 اور جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 366 روپے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 385 روپے ہوگئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 17 اپریل کو ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 353 روپے 43 پیسے ہو گئی تھی جب کہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
حکومت نے 18 اپریل کو لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 70 روپے 04 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 369 روپے 72 پیسے سے کم ہو کر 299 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح جیٹ فیول کی قیمت بھی 23 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 494 روپے 71 پیسے سے کم ہو کر 471 روپے 01 پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی۔
اس کے بعد 24 اپریل کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر تک بڑھادی تھی۔
اس کے بعد 30 اپریل کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
9 مئی کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھادی تھیں، ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسےفی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
16 مئی کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 5 روپے کمی کے بعد 409 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 5 روپے کمی 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔
حکومت نے 22 مئی کو بھی پیٹرول فی لیٹر کی قیمت میں 6 روپے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 6 روپے 80 پیسے کمی کے بعد 402 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوئی.
Comments are closed.