ازبک صدرکا گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ، دفاعی و صنعتی تعاون بڑھانے پر زور

ازبک صدرکا گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ، دفاعی و صنعتی تعاون بڑھانے پر زور

فوٹو : آئی ایس پی آر

راولپنڈی : جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف نے پاکستان کے دورے کے دوران گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS) کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف عاصم منیرنے ازبک صدر کو ادارے کے امورِ کار، صنعتی ڈھانچے اور دستیاب سہولیات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران ازبک صدر کو گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز میں جدید دفاعی ساز و سامان کی تیاری، صنعتی صلاحیتوں اور تکنیکی جدت سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد نے مختلف اہم تنصیبات کا معائنہ کیا اور دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا، جو مقامی دفاعی پیداوار میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت اور خود انحصاری کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔

بریفنگ میں پاکستان کی دفاعی صنعت میں تحقیق و ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مصنوعات کی تیاری پر خصوصی روشنی ڈالی گئی۔ ازبک وفد نے دفاعی ساز و سامان، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبے میں پاکستان کی پیش رفت کو سراہا اور دلچسپی کا اظہار کیا۔

https://

اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے شراکت داری، ٹیکنالوجی کے تبادلے، مشترکہ منصوبوں اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ فریقین کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعاون نہ صرف دفاعی شعبے بلکہ مجموعی صنعتی ترقی کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا۔

ازبک صدر کا گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا یہ دورہ پاکستان اور جمہوریہ ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ دونوں ممالک خطے میں استحکام، اقتصادی ترقی اور صنعتی تعاون کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر شوکت مرزیوئیف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے تھے، جس کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم ملاقاتیں اور سرگرمیاں بھی شیڈول رہیں۔

ازبک صدرکا گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ، دفاعی و صنعتی تعاون بڑھانے پر زور

Comments are closed.