فوٹو : آئی ایس پی آر
مظفرآباد : چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا ، آرمی چیف نے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا ایک بار پھر واضح اور دوٹوک اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر جلد کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا، فیلڈ مارشل کا عزم۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورۂ مظفرآباد کے آغاز میں تحریکِ آزادی کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھول رکھے اور شہداء کی بے مثال قربانیوں، جرأت اور استقامت کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں عمائدین، مقامی رہنماؤں اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جاری مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا نظریے پر مبنی جابرانہ سوچ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کی امنگوں کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی حمایت غیر متزلزل ہے اور رہے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور مسئلہ کشمیر کو تمام متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل نہیں نکل آتا، پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی آواز بنتا رہے گا۔

آرمی چیف نے چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود لائن آف کنٹرول پر تعینات افسران اور جوانوں کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کو مؤثر طور پر روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے بھرپور آپریشنل تیاری، مستعدی اور باہمی ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک اگلے مورچے کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور مناسب جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ابھرتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ قبل ازیں مظفرآباد آمد پر کمانڈر راولپنڈی کور نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
Comments are closed.