سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کی سیالکوٹ اسٹالینز میں سرپرائز انٹری
فوٹو : فائل
اسلام آباد : سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کی سیالکوٹ اسٹالینز میں سرپرائز انٹری ہوگئی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ایک بڑا اور حیران کن اعلان کرتے ہوئے اسمتھ کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ (Steven Peter Devereux Smith)کی شمولیت کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا، جس کے بعد شائقینِ کرکٹ میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اسٹیو اسمتھ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اسٹیو اسمتھ اب تک آسٹریلیا کی جانب سے 67 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 1094 رنز اسکور کیے، جبکہ ان کی اننگز میں 5 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ حالیہ بگ بیش لیگ میں بھی ان کی کارکردگی شاندار رہی، جس کے باعث ان کی مانگ میں اضافہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق اسٹیو اسمتھ نے بہتر مالی پیشکش اور مضبوط مینجمنٹ دیکھتے ہوئے سیالکوٹ اسٹالینز کے ساتھ ڈائریکٹ سائن کرنے کا فیصلہ کیا۔
: A game changer, powerhouse player, we welcome on board as a Stallion!
SS x SS – Lets goooooo#SialkotStaliionz #HBLPSL #NewEra pic.twitter.com/OmMNJXBxVA
— Sialkot Stallionz (@PSLStallionz) February 3, 2026
اس سے قبل سیالکوٹ اسٹالینز انتظامیہ سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر اور کپتان ٹم پین کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر چکی ہے۔ ٹم پین آسٹریلیا کی جانب سے 35 ٹیسٹ اور 35 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں اور ٹیسٹ فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے لیے تاریخ کی مہنگی ترین فرنچائز خریدنے کا اعزاز او زیڈ گروپ کے نام رہا، جس نے سیالکوٹ کی ٹیم کے مالکانہ حقوق 185 کروڑ روپے میں 10 سال کے لیے حاصل کیے۔
سیالکوٹ اسٹالینز پی ایس ایل 11 کی دو نئی ٹیموں میں سے ایک ہے، جسے او زیڈ ڈیویلپرز نے خریدا ہے۔ ٹیم کا نام سیالکوٹ اسٹالینز شہر کی تاریخی کرکٹ وراثت کو اجاگر کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.