اسرائیلی فوج نے غزہ تک امداد لے جانے والی کشتی ’میڈلین‘ کو قبضے میں لے لیا
فوٹو:فائل
غزہ :اسرائیلی بحریہ نے بین الاقوامی پانیوں میں فریڈم فلوٹیلا کولیشن کی امدادی کشتی ‘میڈلین’ کو غزہ پہنچنے سے قبل ہی روک کر اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ کشتی میں سوار تمام 12 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن میں عالمی شہرت یافتہ ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور یورپی پارلیمنٹ کی رکن ریما حسن بھی شامل ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی نیوی نے کشتی کو گھیر کر اس کا محاصرہ کیا، جہاز کا مواصلاتی نظام جام کر دیا اور تمام افراد کو موبائل فون بند کرنے پر مجبور کیا، جس کے بعد کشتی سے لائیو نشریات بند ہو گئیں اور بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ "میڈلین” کو اشدود پورٹ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 جون کو اٹلی کے جزیرے سسلی سے روانہ ہونے والی اس کشتی کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کے پیشِ نظر امدادی سامان پہنچانا اور اسرائیلی محاصرے کے خلاف عالمی رائے عامہ کو بیدار کرنا تھا۔
فریڈم فلوٹیلا کے خلاف اسرائیلی کارروائی پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی اداروں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، اور اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
Comments are closed.