نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال،پہلی کمرشل پروازکی لینڈنگ
فائل:فوٹو
گوادر: پاک چین لازوال دوستی کا شاہکار، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہوگیا، کراچی سے پی آئی اے کی پہلی کمرشل پرواز گوادر ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔
کراچی سے پی کے 503 نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، افتتاحی پرواز کا رن وے پر واٹر کینن سلیوٹ کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔
وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پہلی کمرشل پرواز کا استقبال کیا اور مسافروں کو پھول پیش کئے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے پی آئی اے کی پہلی کمرشل پرواز 46 مسافروں کو لے کر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جس نے صبح 9 بج کر 50 منٹ پر کراچی سے اڑان بھری اور 11 بج کر 15 منٹ پر گوادر میں لینڈ کیا۔
رپورٹ کے مطابق نیو گوادر ایئرپورٹ کا 3.6 کلومیٹر طویل رن وے بڑے طیاروں کیلئے موزوں ہے، نیو گوادر ایئرپورٹ پر ایئر بس اور بوئنگ طیارے لینڈ کر سکیں گے، 430 ایکڑ پر مشتمل گوادر ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے۔
نیو گوادر ایئرپورٹ سی پیک کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، ایئرپورٹ پر جدید سکیورٹی اور مسافروں کو سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
Comments are closed.