صحیح معنوں میں مکمل انصاف تب ہوگا جب 9مئی کے ماسٹرمائنڈکو سزاملے گی، آئی ایس پی آر
فوٹو: فائل
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرسے جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ صحیح معنوں میں مکمل انصاف تب ہوگا جب 9مئی کے ماسٹرمائنڈکو سزاملے گی، آئی ایس پی آرکے مطابق صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی۔
آئی ایس پی آر اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں سنا دی ہیں۔
اعلامیہ میں کہاگیا ہےکہ 9 مئی 2023 کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے، 9 مئی کے پُرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔
سیاسی پروپیگنڈے، جھوٹ کا شکار بننے والے لوگوں کیلئے یہ سزائیں تنبیہ ہیں کہ مستقبل میں قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نفرت، جھوٹ پر مبنی سیاسی بیانیے کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنصیبات پر منظم حملے کیے گئے اور اُن کی بے حرمتی کی گئی، یہ پر تشدد واقعات پوری قوم کے لیے ایک شدید صدمہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات زور دیتے ہیں کسی کو سیاسی دہشتگردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس یوم سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی۔
فوجی عدالتوں سے 9مئی میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں سنا دی گئیں
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کیے گئے، کچھ مقدمات قانون کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے لیے بھجوائے گئے، مناسب کارروائی کے بعد ٹرائل ہوا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 9 مئی کی سزاؤں کا فیصلہ قوم کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہے جبکہ متعدد ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی مختلف عدالتوں میں بھی مقدمات زیر سماعت ہیں، دیگر ملزمان کی سزاؤں کا اعلان اُن کے قانونی عمل مکمل کرتے ہی کیا جا رہا ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی، ریاست پاکستان 9 مئی کے واقعات میں مکمل انصاف مہیا کرکے ریاست کی عملداری کویقینی بنائے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے مقدمے میں انصاف فراہم کرکے تشدد کی بنیاد پر کی جانے والی گمراہ اور تباہ کُن سیاست کو دفن کیا جائے گا، 9 مئی واقعات پر کیا جانے والا انصاف نفرت، تقسیم اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی نفی کرتا ہے۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیاہے کہ آئین اور قانون کے مطابق تمام سزا یافتہ مجرموں کے پاس اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔
Comments are closed.