پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے ہرا کر ونڈے سیریز جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی

51 / 100

فوٹو : سوشل میڈیا

کیپ ٹاؤن : پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے ہرا کر ونڈے سیریز جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی، آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں زمبابوے کو زمبابوے میں شکست دینے کے بعد جنوبی افریقہ کو جنوبی افریقہ میں ایک روزہ سیریز میں مات دیدی.

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کے دئیے گئے 330 رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 43.1 اوورز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان جنوبی افریقہ کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کلاسن تھے جنہوں نے 97 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرسکے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 47 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ نے 3، ابرار احمد نے 2 اور سلمان آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جانب سے 32 بالز پر برق رفتار 63 رنز بنانے والے کامران غلام کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقہ میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی، پاکستان نے 2013، 2021 اور 2024 میں جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیتیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اوپنر عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور صائم ایوب نے 48 رنز بنائے ۔ صائم اس میچ میں بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 25 رنز بنائے۔

تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا دونوں کے درمیان 115 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور ٹیم کا ٹوٹل 168 تک پہنچایا۔

اس دوران بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 34ویں جبکہ محمد رضوان نے 14ویں نصف سنچری مکمل کی۔بابر اعظم 168 کے مجموعے پر 73 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس بعد محمد رضوان نے جارحانہ کھیل شروع کیا تاہم وہ 192 کے مجموعے پر 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مفاکا نے اپنی ہی گیند پر زبردست کیچ لے کر آؤٹ کیا۔

سلمان علی آغا اور کامران غلام کے درمیان برق رفتار 50 رنز کی شراکت بنی۔ تاہم 242 کے مجموعے پر سلمان علی آغا 30 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب کامران غلام نے اپنا جارحانہ انداز جاری رکھا، وہ آخری اوور میں 32 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ انکی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

قومی ٹیم آخری اوور میں 329 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ عرفان خان نے 15، شاہین آفریدی نے 16، حارث رؤف نے 6 جبکہ ابرار احمد نے 4 رنز بنائے، پاکستان کو 3 میچز کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے.

Comments are closed.