پی ٹی آئی کے ہلاک کارکنوں کےورثا سامنے آئے نہ شناختی کارڈدیئے گئے، خواجہ آصف
فوٹو: سوشل میڈیا
اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے حوالے سے ایک بار پھر شکوک شبہات کااظہار کیاہے، ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہلاک کارکنوں کےورثا سامنے آئے نہ شناختی کارڈدیئے گئے، خواجہ آصف نے کہا کہ 12 ہلاک ہونے والے کارکنوں میں سی کسی ایک کا شناختی کارڈ بھی نہیں دیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور جب بھاگ رہے تھے تو ان کے کارکنوں نے ان پر پتھراؤ کیا، علی امین گنڈاپور کے گارڈ نے جواب میں اپنے کارکنوں پر فائرنگ کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ جتنی بار بھی حملہ آور ہوں گے اتنی بار ہی بھاگیں گے، ان کے جتنے لیڈرز ہیں اتنی ہی باتیں کر رہے ہیں، سیاسی تقریر میں سیاسی باتیں کریں، پی ٹی آئی میں اختلافات ہیں کہ ہر شخص الگ بیان دیتا ہے، بغیر ثبوت کے اس قسم کی ہوائی باتیں کرنا اجتماعی شعور کی توہین ہے، تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات میں تضاد ہے۔
انھوں نے کہا کہ کے پی سے سرکاری ملازم اور پولیس کو ساتھ لایا گیا، صوبے میں امن کا قیام بھی وزیراعلیٰ کی ذمے داری ہے، اپنے صوبے کے لوگوں کو چھوڑ کر انہوں نے اسلام آباد پر چڑھائی کی۔
سینئرلیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ تیسری بار ان کی چڑھائی ناکام ہوئی، یہ وہاں سے دُم دبا کر بھاگے، ان کی ساری کی ساری لیڈرشپ ورکرز کو چھوڑ کر بھاگی، ہاؤس میں ان کے بھاگنے کی ویڈیوز چلائیں، جب دھرنے کا موقع آیا، کھڑے رہنے کا موقع آیا تو یہ سارے بھاگ گئے۔
خواجہ آصف نے ایک بار پھریہ کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے سنگجانی پر اتفاق کر لیا تھا مگر بیگم صاحبہ نہیں مانیں،انہوں نے کہا کہ 10 سال پہلے بھی سول نافرمانی کال دی تھی جو کامیاب نہیں ہوئی تھی، چیلنج دیتا ہوں سول نافرمانی کریں، لوگ یوٹیلٹی بلز بھی دیں گے اور ترسیلات زر بھی بھیجیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ لوگوں نے انہیں مسترد کردیا تھا آج بھی عوام ان کو مسترد کریں گے، بیرون ملک رہنے والے بھی ان کی بات نہیں مانیں گے، انہیں سول نافرمانی کی تحریک پر کھڑے رہنا چاہیے، سول نافرمانی کریں تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ کتنے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ مجھے چھوڑ کر سارے لوگ بھاگ گئے، انہوں نے اب صوبائیت کا کارڈ کھیلنا شروع کردیا، پی ٹی آئی ابھی تک مرنے والوں کی تعداد نہیں بتا سکی، لطیف کھوسہ کچھ کہتے ہیں باقی سارے کچھ کہتے ہیں، عمر ایوب سیاسی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایوب خان تھا جو بنگلا دیش بننے کا ذمے دار تھا، اب ان کی اولاد صوبائی کارڈ کھیل رہی ہے، دم دبا کر اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگے ہیں ویڈیو موجود ہیں، ان کے بھاگنے کی ویڈیوز ایوان میں چلائیں تاکہ سب کو حقائق معلوم ہو سکیں۔
سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ ایوان میں کھڑے ہوکر صوبائی کارڈ کھیلنے کی بات کی جائے اس سے زیادہ گھٹیا کیا حرکت ہو سکتی ہے، پہلے اپنے صوبے کی خدمت کریں، ڈیلور کریں، پھر صوبائیت کی بات کریں، پورے کے پی کے میں دہشت گردی ہے۔
Comments are closed.