پاکستان میں عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس کی تشکیل دی جائے گی،وزیراعظم
فائل:فوٹو
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دی جائیں،پاکستان میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس کی تشکیل دی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں 24 نومبر کو ہونے والے دھرنے میں فسادات کی تحقیقات کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔
وزیراعظم کاکہناتھا کہ انتشار پھیلانے والوں نے بیلاروس کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے وقت ملک کے دارالحکومت پر لشکر کشی کی جو ہمارے لیے شدید شرمندگی کا باعث بناپاکستان میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس کی تشکیل دی جائے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی میں فرانزک لیب شامل کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا، اور اس کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ موقع واردات سے اسلحہ، فائرنگ کے نتیجے میں ملنے والے کارتوس اور خول اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں تمام شواہد فرانزک کے لیے بھیجے جائیں گے۔موقع واردات پر موجود فسادیوں کی شناخت کا عمل بھی تیز ی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔شناخت کے بعد تمام فسادیوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔
Comments are closed.