بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ ریڈ زون کی جانب رواں دواں

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: بانی تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ 26 نمبر چونگی سے ریڈ زون کی طرف رواں دواں ہے۔

بشری بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 پہنچ گیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے احتجاج کیلئے متبادل جگہ کی حامی بھرنے کے باوجود بشریٰ بی بی نے ماننے سے انکار کردیا۔

بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر ہمیں روکنا چاہتے ہیں، عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے، ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی معاملات پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت دھرنے کیلئے حتمی مقام کا تعین کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے، پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت میں کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کارکنان کو اسلام آباد حتمی مقام تک لے جانے کیلئے رابطہ کاری میں مشکل ہو رہی ہے۔

قبل ازیں بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے دوسری اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سے بھی ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد کی عمران خان کیساتھ 40 منٹ تک جاری رہنے والی بات چیت میں بیرسٹر گوہر نے احتجاج اور حکومت کی طرف سے آپشنز سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ہم نے مظاہرین سے کہا تھا ڈی چوک پر جس نے بھی جلسہ کیا کبھی اجازت نہیں ملی، درخواست دیں اور سنگجانی چلے جائیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت ملاقات کیلئے دو مرتبہ اڈیالہ گئی، انہیں وہاں سے بھی اپروول مل گئی ہے، چاہئے ۔دفعہ 144 نافذ کرنی ہو یا ہمیں انتہائی اقدام تک جانا پڑے پہلے ہی بتا رہے ہیں نقصان ہوا تو ہم ذمہ دار نہیں ہوں گے۔

Comments are closed.