بنوں مالی خیل میں خوارج کا سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید،6خوارج ہلاک
فائل:فوٹو
راولپنڈی :خوارج کا ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں چھ خوارج مارے گئے، خوارج کی بارود سے بھری گاڑی چوکی کی دیوار سے ٹکرانے سے دیوار منہدم، ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، وطن کے بارہ بہادر سپوت شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں 19 نومبر کو مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارجیوں کی پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں چھ خوارج مارے گئے، خوارج نے بارود سے بھری گاڑی چوکی کی دیوار سے ٹکرا دی، اس خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ منہدم ہو گیا اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں وطن کے بارہ بہادر سپوت شہید ہوگئے، جن میں سیکیورٹی فورسز کے دس جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دو اہلکار شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا تاکہ اس گھناوٴنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments are closed.