دوسرا ون ڈے،پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی
فائل:فوٹو
ایڈیلیڈ: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔
دوسرے ون ڈے میں ہدف کے تعاقب میں اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان نے پراعتماد بلے بازی کی اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ قومی ٹیم ایڈیلیڈ کے تاریخی گراوٴنڈ میں 28 سال بعد ون ڈے میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ اس گراوٴنڈ میں مدمقابل آئیں تھی جہاں کینگروز نے 7 مرتبہ جیت حاصل کی تھی۔
ایڈیلیڈ میں پاکستان نے 28 سال قبل 1996 واحد جیت حاصل کی تھی اس وقت قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض وسیم اکرم کے سپرد تھے اور اس میچ میں ثقلین مشتاق نے 5 وکٹیں لے کر جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا، صائم ایوب 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آوٴٹ ہوئے، ان کی باری میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
عبداللہ شفیق 64 رنز کی ناقابل شسکت اننگز کھیل کر ناٹ آوٴٹ رہے ان کی باری میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور وہ 15 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ لیگ سپنر ایڈم زمپا نے حاصل کی، کپتان پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ جیسے سینئر فاسٹ باوٴلر وکٹ کیلئے ترستے ہی رہ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریزر اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریزر 13 رنز بنا کر کیچ آوٴٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
آسٹریلیا کے تیسرے آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث روٴف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔
محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر سٹیو سمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٴٹ کرایا جبکہ سٹار بیٹر گلین میکسویل ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 16 رنز بنا کر حارث روٴف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
آل راوٴنڈر ایرون ہارڈی کو حارث روٴف نے 13 کے انفرادی سکور پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ کرایا جبکہ فاسٹ باوٴلر مچل سٹارک صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث روٴف کا پانچواں شکار بنے، آسٹریلیا کی آخری وکٹ ایڈم زمپا کی گری وہ 18 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث روٴف نے 5، شاہین آفریدی نے 3، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں دوسرے ون ڈے میچ میں قومی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے باوٴلنگ کا فیصلہ کیا۔
ایڈیلیڈ میں ٹاس جیت کر بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پہلے میچ والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے باوٴلنگ ہی کرتے، ہم نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلا ون ڈے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔
دوسرے ون ڈے میں قومی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث روٴف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، میتھیو شارٹ، جیک فریزر، سٹیو سمتھ، جوش انگلس، مارنوس لبوشین، گلین میکسویل، ایرون ہارڈی، سین ایبٹ، مچل سٹارک اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں میزبان کینگروز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شاہینوں کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔
Comments are closed.