پاکستان اورسعودی عرب نے 2.2ارب ڈالر مالیت کی 27مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے
فوٹو:فائل
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی، زراعت، کان کنی، انسانی وسائل اور سائبر سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے 2.2ارب ڈالر مالیت کی 27مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردئیے ہیں.
پاکستان اورسعودی عرب نے 2.2ارب ڈالر مالیت کی 27مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے ہیں، توانائی، زراعت، کان کنی، انسانی وسائل اور سائبر سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئےہیں۔
اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف، سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیربھی موجود تھے۔
جمعرات کوتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، بجلی سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون کے کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے.
وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستانی عوام سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی محبت کی عکاس ہے، ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کو فروغ ملے گا، ہم ان معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد اور مفاہمت کی یادداشتوں کو معاہدوں میں تبدیلی کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی قیادت سعودی معیشت کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، ہم دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مستحکم ہوگی.
ہم آپ کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہمیشہ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی، حال میں ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیابی سے مکمل کیا اور امید ہے یہ آخری پروگرام ہوگا۔
سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، بھرپور محنت کے باعث ہمارے معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے، مہنگائی 32 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ہے،مہنگائی اور شرح سود میں کمی آئی ہے، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہوا ہے.
سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو ہماری معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں، ہمارے تعلقات صدیوں پرانے ہیں اور دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سیلاب سمیت ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، یہ دوستی سے زیادہ برادرانہ تعلق ہے۔ اس موقع پر کئی معاہدوں اور مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
Comments are closed.