عوام پر بجلی بلز مسلط کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی سستی کرنے کا وعدہ
فوٹو : فائل
اسلام آباد: عوام پر بجلی بلز مسلط کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی سستی کرنے کا وعدہ، کہا ہے آئندہ چند دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی۔
شہبازشریف نے اسلام آباد میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں کہا بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت ترقی نہیں کرسکتی.
انھوں نے کہا کہ آج مہنگائی ہے، بجلی کے بلوں اور دیگر مسائل سے لوگ پریشان ہیں مگر ملک میں سب اچھا نہیں ہے تو سب برا بھی نہیں ہے۔
اقتدار کی کشمکش، سازشیں اور اپنی غلطیوں کی وجہ سے77 سال کا سفر قابل رشک نہیں تھا، ہمیں بحیثیت قوم اپنا احتساب ضرور کرنا چاہیے، ہم نےفیصلہ کرنا ہے کیا زندگی مانگ کر گزارنی ہے یا اس خواب کی طرح جس کے لیے پاکستان وجود میں آیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت ترقی نہیں کرسکتی، برآمدات نہیں بڑھ سکتی، اگلے چند دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی اور چند دن میں قوم سے خطاب کرکے 5 سالہ معاشی پلان پیش کرونگا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں قوم کے لیے خدمات پیش کرنے والوں کو اور قوم کا سرفخر بلند کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں بھی سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن ہر حربہ استعمال کررہاہے کہ پاکستان آگے نہ بڑھ سکے ، ہماری جوہری قوت سے ہمارا دشمن خائف ہے اور دشمن نے ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے جھوٹ کی بمباری شروع کررکھی ہے.
Comments are closed.