حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی نمازجنازہ دوحہ میں ادا کردی گئی
فائل:فوٹو
دوحہ : حماس رہنما اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ہانیہ کی نمازجنازہ دوحہ میں ادا کردی گئی۔
حماس رہنما اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ہانیہ کی نماز جنازہ امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں ادا کی گئی ، جس کے بعد انہیں قطر کے شہر لوسیل کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
اسماعیل ہانیہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے ترک وزیرِ خارجہ بھی دوحہ پہنچے جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن بھی اسماعیل ہانیہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے قطر میں موجود ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سے قبل قطر کے دارالحکومت میں اسماعیل ہانیہ کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا ، اسماعیل ہانیہ اور ان کے محافظ وسیم ابو عثمان کی فلسطینی پرچموں میں لپٹی میتیں تہران سے دوحہ ایئرپورٹ پہنچائی گئیں۔
اس سے قبل پاکستان سمیت متعدد ممالک میں اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ پارلیمنٹ ہاوٴس میں اسماعیل ہانیہ کی غئبانہ نماز جنازہ ادا کی۔
یاد رہے کہ حماس سربراہ کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب تہران میں ان کی رہائش گاہ میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی۔
اس موقع پر نومنتخب ملکی صدر پزشکیان بھی ان کے ہمراہ تھے، خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہانیہ کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد ان کی تصاویر والے پوسٹر اور فلسطینی پرچم لیے ہوئے جمع تھے۔
اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے قبل ان کے خاندان کے 70 اراکین اسرائیلی حملوں میں جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان سمیت متعدد ممالک میں اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے ا?ج بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔
یاد رہے کہ غزہ کی جنگ کی وجہ سے پہلے ہی مشرق وسطیٰ کے خطے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے ، گزشتہ برس 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد غزہ پٹی میں اسرائیل کی بڑی فضائی اور زمینی فوجی کارروائیوں کا آغاز ہوا تھا۔
Comments are closed.