عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر نئے ریفرنس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفیکیشن جاری
فوٹو : فائل
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر نئے ریفرنس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور اس کے بعد احتساب عدالت کے جج راولپنڈی کی اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں اتوار کو چھٹی کے باوجود کارروائی کی جارہی ہے.
وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن نیب آرڈینینس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔
عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی نیب کے نئے ریفرنس میں گرفتاری ڈال دی گئی
جیل ٹرائل نوٹیفکیشن سے متعلق سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن پاروں کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی.
توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ کے لیے نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن پاروں کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچ چکی۔
نیب ٹیم گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہو گئی جبکہ نیب ٹیم توشہ خانہ ریفرنس ٹو میں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ کے لیے آج اڈیالہ جیل میں سماعت کریں گے۔جج محمد علی وڑائچ بھی کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاء خالد یوسف چوہدری، رائے محمد علی، ایڈووکیٹ چوہدری ظہیر عباس اور عثمان گل بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
Comments are closed.