پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں،عطاء اللہ تارڑ

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں، پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، 32 بی ٹو بی معاہدوں پر دستخط ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف کی صدر شی جن پنگ سے سوا تین گھنٹے ملاقات جاری رہی، چینی قیادت نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی، سی پیک اپ گریڈیشین کے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، اپ گریڈیشن کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے چینی قیادت کے ساتھ ہر میٹنگ میں کراچی سرکلر ریلوے کا ذکر کیا، مین لائن ون پر ورکنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں کمی آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہے، آج دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے معاہدے کرنے کے لئے تیار ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمارے خون میں شامل ہے، پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، امن و ترقی پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، کوئی پاک چین تعلقات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، چین کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف کا چین جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے سیکیورٹی معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

عطاء اللہ تارڑنے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں، سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پروان نہ چڑھیں، ایک نام نہاد لیڈر نے عالمی سطح پر پاکستان کو آئسولیشن کا شکار کیا۔

Comments are closed.