شیخ رشید احمدکی عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی رہائی کی اپیل
فائل:فوٹو
اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پی ٹی آئی کی خواتین رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی رہائی کی اپیل کردی۔سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو ایسے جیلوں میں پھرا رہے ہیں جیسے وہ جھانسی کی رانی ہے۔
اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتیں چھوٹی پڑ گئی ہیں اور بے گناہ ملزموں کی تعداد زیادہ ہے، 80 سے 90 فیصد لوگ بے گناہ ہیں ، میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی رہائی کی اپیل کرتا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ فوج کی عزت ہمیں جان سے عزیز ہے لیکن لوگوں میں کیا پیغام جا رہا ہے، جو لوگ پچھلی چھوٹی عید پر رہا ہوئے ہیں وہ ایک سال قید کاٹنے کے بعد رہا ہوئے، آرمی چیف جرنل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم سے اپیل کرتا ہوں اس عید پر عام معافی دی جائے۔
ان کاکہنا تھا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو ایسے جیلوں میں پھرا رہے ہیں جیسے وہ جھانسی کی رانی ہے، حالات اتنے خراب ہوتے جا رہے ہیں کہ پنڈی میں جنازے لوٹے جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کہتا ہوں کہ آئی ایل ایف کی بھی تعریف کریں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے ، جون اہم مہینہ ہے،ملک میں اب سیاسی فیصلے ہوں گے، مشرف دور میں جو میں نے چین کے ساتھ سرمایہ کاری پر دستخط کیے تھے وہ ویسے کے ویسے ہی پڑے ہیں، جو مرکزی سرمایہ کار ہیں وہ ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں باہر سے کون آئے گا۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید اور دیگر کے خلاف آزادی مارچ پر تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ پر سماعت سول جج ملک محمد عمران کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کردی گئی۔
شیخ رشید احمد، علی نواز اعوان وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ، کیس کی سماعت 10 جون تک ملتوی کی گئی ہے۔
Comments are closed.