گندم سکینڈل،تحقیقاتی کمیٹی نے سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو طلب کر لیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد: گندم سکینڈل،تحقیقاتی کمیٹی نے سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو طلب کر لیا، ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو کمیٹی کی جانب سے بلایا گیا مگرابھی تک حاضر نہیں ہوئے۔
گندم سکینڈل کی تحقیقات کرنے والی چاری رکنی کمیٹی کا سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل کی سربراہی میں 6 گھنٹے تک اجلاس جاری رہا،چار رکنی انکوائری کمیٹی کو دوپہر کا کھانا بھی اجلاس کے دوران ہی فراہم کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے سابق سیکرٹریز فوڈ سیکیورٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود اور کیپٹن ریٹائرڈ آصف سے پوچھ گچھ مکمل کرلی گئی ہےاور کمیٹی نےسابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو کمیٹی کی جانب سے بلایا گیا مگرابھی تک حاضر نہیں ہوئے،کمیٹی اتوار کے روز سابق نگران وفاقی وزراء شمشاد اختر، گوہر اعجاز اور سابق وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی سے بھی اس معاملے کی انکوائری کرے گی۔
کمیٹی ارکان کا موقف ہے کہ نگران وفاقی کابینہ ارکان کا گندم درآمد کے معاملے پر اہم کردار ہے، ان سے انکوائری کے بغیر رپورٹ نامکمل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق چار رکنی کمیٹی کسٹم ، کراچی پورٹ اور ایف بی آر کے متعلقہ افسران سے تفتیش مکمل کرچکی ہے کمیٹی کا آج ہونیوالا اجلاس رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
Comments are closed.