ملتان سلطانز نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو  5 وکٹوں سے ہرادیا

49 / 100

فوٹو: پی سی بی

 ملتان : پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو  5 وکٹوں سے ہرادیا،افتخار احمد نے میچ سیکنڈ لاسٹ بال پر سنگل لے کرمیچ فنش کیا۔ 

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تاہم بیٹنگ کےلئے مشکل وکٹ پر اسلام آباد یونائٹڈ کے کھلاڑی جدو جہد کرتے نظر آئے۔ 

 اسلام آبد یونائیٹڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سلمان علی آغا نے 52 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جارڈن کوکس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔  

 کولن منرو 8، ایلکس ہیلز 2، اعظم خان 13، شاداب خان 11، نسیم شاہ 2، فہیم اشرف نے ایک جبکہ عماد وسیم، ٹائمل ملز اور عبید شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ 

 ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی اور محمد علی نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ اسامہ میر نے دو جبکہ ڈیوڈ ویلی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 سلطانز کو ہدف کے تعاقب میں پہلا نقصان تو 6 رنز پر ہی اٹھانا پڑا لیکن پھر کپتان محمد رضوان اور ریزا ہینڈریکس کی 71 رنز کی شراکت نے سلطانز کی میچ پر گرفت مضبوط کردی۔ 

محمد رضوان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ریزا ہینڈرکس اختتامی لمحات میں 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے،رضوان 43 کے سکور پرشاداب خان کی پہلی ہی بال پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔ 

 جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے لیے چھوٹے ہدف کو بھی مشکل بنادیا تھا۔ 

افتخار احمد کے ناقابلِ شکست 18 اور ڈیوڈ ویلی کے 7 رنز کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم 145 رنز کا ٹوٹل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم، ٹائمل ملز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس میچ کےلیے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی۔ ملتان سلطانز میں جہاں شاہنواز دہانی کی جگہ اولی اسٹون کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدر علی کو آرام کروا کر جارڈن کوز کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا۔

 ملتان کی ٹیم میں محمد رضوان کے علوہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ملاتن، ریزا ہینڈرکس، یاسر خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی اور اولی اسٹون شامل تھے۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ میں شاداب خان کپتان ،ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان، جارڈن کوز، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عبید شاہ اور ٹائمل ملز شامل تھے۔

Comments are closed.