کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا
فوٹو : سوشل میڈیا
لاہور: پی ایس ایل نویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز کو لگاتار دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپئن کو 8 وکٹ سے ہرایا تھا، دوسرے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا ۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے 188 رنز کے ہدف کو 5 وکٹ کے نقصان پر 5 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے نوجوان بلے باز خواجہ نافع نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے 31 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔
اوپنر سعود شکیل 40، جیسن روئے 24، کپتان رائیلی روسو 18، شرفانے ردرفورد 14 اور سرفراز احمد 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی، حارث روف، زمان خان، فیاض سلمان اور سکندر رضا نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 187 رنز بنائے۔قلندرز کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 62 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر ثابت ہوئے، انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔
لاہور قلندرز کے جہاں داد خان نے 45 رنز کی ناقابل شکست اور برق رفتار اننگز کھیلی، انہوں نے 17 گیندیں کھیلی اور 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔
قلندرز کے سکندر رضا نے 18، وین ڈر ڈیوسن نے 15، شاہین آفریدی نے 12 اور عبداللّٰہ شفیق نے 11 رنز کی باری کھیلی جبکہ فخر زمان اور کارلوس براتھ ویٹ نے 6، 6 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین اور عقیل حسین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر، محمد وسیم اور ابرار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قلندرز کو ایونٹ کے پہلے میچ میں شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز پشاور زلمی کو 16 رنز سے ہرایا تھا۔
Comments are closed.