ہلال ِاحمرکے ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا افتتاح، سیکڑوں رضاکار شریک

فوٹو: ہلال احمر

اسلا م آباد( زمینی حقائق ) ہلال ِاحمر نے رضاکاروں کی رجسٹریشن، ایمرجنسی میں ریسپانس اور پیشگی منصوبہ بندی کو آن لائن کرنے کیلئے ”والینٹئر مینجمنٹ سسٹم“ نامی سافٹ ویئر کے استعمال کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

اسلام آباد میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے ”وی ایم ایس“ افتتاحی تقریب ہلالِ احمر کے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی گئی۔ اِس ڈیٹابیس کی بدولت رضاکاروں کے پروفائل، موجودگی اور تربیت سے متعلق معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ اِس سافٹ ویئر کی بدولت رضاکاروں کی آن لائن رجسٹریشن اور تربیت بھی کی جائے گی۔

ورلڈ فوڈ پروگرام اور ہلالِ احمر پاکستان کے مابین باقاعدہ معاہدہ کے تحت یہ سسٹم اپنایا گیا ہے۔معاہدہ کی رُو سے کیش بیسڈ ٹرانسفر، کمیونٹی بیسڈ رِسک ریڈکشن مینجمنٹ، سکول سیفٹی، سپلائی چین اور لاجسٹک کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وی  ایم ایس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سیکرٹری جنرل ہلال ِاحمر جناب خالد بن مجید نے اِس اقدام کو سراہا اور اِس توقع کا اظہار کیا کہ ہلالِ احمر کا سٹاف اِس سسٹم سے بھرپور فائدہ اُٹھائے گا۔ انہوں نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے تعاون کی بھی تعریف کی۔خالد بن مجید نے کہا کہ رضاکاروں کی آن لائن رجسٹریشن اور ڈیٹابیس آنے والے دِنوں کا اثاثہ ثابت ہوگا۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ فوڈ پروگرام فیبنر کیورین نے کہا کہ سافٹ ویئر کے استعمال سے رضاکار فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ڈیٹا بیس کی بدولت رضاکاروں کی تربیت اور انہیں قدرتی آفات، سانحات اور حادثات کے دوران امدادی کارروائیوں کیلئے استعمال میں لائے جانے میں آسانی ہوگی۔

انہوں نے ہلالِ احمر سے وابستہ رضاکاروں کیلئے سافٹ وئیر بہتر ریسپانس کی بنیاد قرار دیا۔ تقریب میں آئی ایف آرسی، ہلالِ احمر پاکستان اور ڈبلیو ایف پی کے نمائندے اور رضاکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر ہلالِ احمر پاکستان کے سیکرٹری جنرل جناب خالد بن مجید نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

Comments are closed.