ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام "کلائمیٹ چیمپئن” تقریب کا انعقاد
فوٹو : پی آر
اسلام آباد: ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام "کلائمیٹ چیمپئن” تقریب کا انعقاد کیا گیا ، سبز ماحول کے فروغ کے لیے سائیکلنگ اور واک،لان میں پودے بھی لگائے گئے،موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے آگاہی کے فروغ کے لیے مختلف تخلیقی اور عملی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ہلال احمر پاکستان کی آوٹر وال پرآرٹ اور پینٹنگ کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو اجاگر کیاجبکہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی کے حوالے سے بھی شعور بیدار کیا گیا۔ تھیٹر پرفارمنس میں ماحول کی بہتری کے لیے مختلف عملی اقدامات کو دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا۔
یہ تقریب ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ویک کی تقریبات کا حصہ تھاجس میں ری یوز، ری سائیکل اور ریڈیوس کے اصولوں سے متعلق شرکاء کو تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
تقریب میں جڑواں شہروں سے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ماہرین ماحولیات اور زرائع ابلاغ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سبز ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سائیکلنگ اور علامتی واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔ گرین کوائن کے عوض کچرے کی فروخت کے لیے گرین مارکیٹنگ اسٹال بھی لگایا گیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چئیرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور پلاسٹک کے استعمال کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے موومنٹ پارٹنرکی شرکت اور تعاون کو سراہا۔ تقریب میں سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان جناب محمد عبیداللہ خان،آئی ایف آرسی، آئی سی آر سی، نارکراس، جرمن ریڈ کراس اور ترکیہ ریڈ کریسنٹ کے مندوبین،پروگرام انچارج سجاد کندھیر ، مرتضی ٹالپور بھی شریک تھے.
تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ہلال احمر پاکستان کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پھلدار چیکو اور دیگر سایہ دار پودے لگائے گئے۔
Comments are closed.