کورونا،ایک ڈاکٹر جاں بحق، 3 صحافیوں اور 4 ڈاکٹرزمیں وائرس کی تصدیق

فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان میں 3 صحافی اور کراچی کے دو نجی اسپتالوں کے چار ڈاکٹرز میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ ڈاکٹر اسامہ جاں بحق ہو چکے ہیں.

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے  تصدیق کی ہے کہ ملک میں تین صحافی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں ان کا تعلق  پنجاب سے ہے۔

آغا خان اسپتال  کے حکام نے  تصدیق کی ہے کہ اسپتال کے عملے کے تین افراد جن میں ایک سرجن اور ایک ریڈیولوجسٹ بھی شامل ہیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں.

ڈاکٹرز میں وائرس کی تصدیق کے بعد اسپتال نے کورونا وائرس کے مریضوں کی اسکریننگ اور مزید مریض داخل کرنے کا عمل روک دیا ہے۔

آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کے ایک اہم عہدیدار کے مطابق ان کے سرجن اور ریڈیالوجسٹ کو کورونا وائرس ایسے مریضوں سے لگا جو کہ مشتبہ مریض نہیں تھے اور انہیں عام مریضوں کی طرح ٹریٹ کیا گیا.

انھوں نے بتایا کہ عملے کے افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد انتظامیہ نے 100 سے 150 سو لوگوں کو قرنطینہ میں ڈال دیا ہے جب کہ اسپتال میں عملے کی اسکریننگ بھی کی گئی ۔

Comments are closed.