کسی کرپٹ شخص کو پارٹی میں شامل نہیں کرینگے، بیرسٹر سلطان

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے مرکزی پبلک سیکرٹریٹ سوہان اسلام آباد آفس میں قائم پی ٹی آئی کے پبلک سیکرٹریٹ کادورہ کیا.

دورے کے موقع پر انہوں نے پارٹی کی سینیئر لیڈرشپ کے ساتھ الیکشن کی حکمت عملی اور پارٹی کو متحد رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے نون لیگ اور پی پی پی کے مشترکہ کرپشن بچاؤ اتحاد کو عبرت ناک شکست دینے کا عزم کیا.

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا پارٹی کو بھرپور تیاری کے ساتھ الیکشن مہم شروع کرنی ہے اور ان جماعتوں کے دوغلی پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا۔

تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے صدر نے کہا کہ دوسری جماعتوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہے.

پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہم صرف عوام کی خدمت اور قیادت کے وژن کے ساتھ چلنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن کسی کرپٹ شخص کو پارٹی میں شامل نہیں کریں گے۔

اس موقع پر ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان ، سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار محمد اسرائیل خان قاضی, سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی، سردار مرتضی علی طاہر اور دیگر نے انھیں خوش آمدید کہا۔

مرکزی پبلک سیکرٹریٹ سوہان اسلام آباد آفس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر نائب صدرچودھری اظہر صادق، نائب صدر اور سردار امتیاز خان بھی موجود تھے ۔

Comments are closed.