کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا 15 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد لانگ مارچ کا اعلان

فوٹو : سوشل میڈیا 

راولاکوٹ : پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں 15 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب دوبارہ لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

اس سے قبل عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو بھمبر سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا، تاہم راولاکوٹ پہنچنے پر ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکا کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔ اس کے بعد سے لانگ مارچ کے شرکا راولاکوٹ کے نواحی علاقے دریک عیدگاہ میں دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

حالیہ ہفتوں کے دوران عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں چار پولیس اہلکاروں سمیت ایک درجن سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ان واقعات کے بعد حکومت نے تنظیم کو کالعدم قرار دے دیا تھا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے۔

دوسری جانب راولاکوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے 15 جولائی کے لانگ مارچ کے اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال یہ صرف اعلان ہے۔ انتظامیہ کے مطابق جب لانگ مارچ عملی طور پر شروع ہوگا تو اس وقت کی صورتحال، امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر لانگ مارچ کی اہمیت اس کے عملی آغاز کے بجائے صرف اعلان تک محدود ہے، جبکہ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا 15 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد لانگ مارچ کا اعلان

Comments are closed.