کراچی کنگز نے پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل جیت لیا

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) کراچی کنگز نے فائنل میں لاہور قلندر کو 5 وکٹوں سے ہرا کرپاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن جیت لیا بابراعظم کی ایک اور متاثر کن اننگز نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا.

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز نے ہوم گراؤنڈ پر لاہور قلندر کے 134 رنز کے جواب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا. بابراعظم63 اور عماد وسیم 10 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے.

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم میدان میں اترے۔ تاہم ٹیم کا سکور ابھی 23 تک ہی پہنچا تھا کہ شرجیل خان باؤنڈری کے قریب فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔

انہوں نے 13 رنز بنائے اور سمت پٹیل کے حصے میں ان کی وکٹ آئی۔ کنگز کی دوسری وکٹ 49 کے سکور پر گری جب دلبر حسین کی انتہائی شاندار گیند کو ایلکس ہیلز ٹھیک طرح سے سمجھ نہ سکے اور صرف گیارہ رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

کنگز کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی والٹن تھے۔ ان کی وکٹ بھی دلبر حسین کے حصے میں آئی، انہوں نے انھیں ایل بی ڈبلیو کیا۔ والٹن نے 22 رنز بنائے۔

فوٹو: پی ایس ایل

تیسری وکٹ کے نقصان پر کراچی کنگز کا سکور 110 تھا۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑٰی افتخار احمد تھے جنہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔ اس کے فوری بعد ہی پانچویں وکٹ بھی گر گئی، آؤٹ ہونے والے کھلاڑٰی رتھرفورڈ تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے پہلے لاہور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے اور کراچی کو جیت کیلئے 135 رنز کا ہدف دیاتھا۔

لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، تمیم اقبال 35 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔کراچی کی جانب سے وقاص مقصود ، ارشد اقبال اور عمید آصف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Comments are closed.