کراچی،مسکن چورنگی کے قریب عمارت میں دھماکہ،5افراد جاں بحق، 16 زخمی

کراچی: گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ دھماکہ صبح ساڑھے 9 بجے گلشن اقبال کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا اور عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

جاں بحق افراد میں بینک کا گارڈ بھی شامل ہے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کےمطابق دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 4 خواتین اور 2 بچے بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

نجی بینک کے ملازم نے بتایا کہ ہمارا پورا عملہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے، دھماکے کی آواز بہت شدید تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے بلڈنگ اوپر گر گئی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکا ابتدائی طور پر سلینڈر کا معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور علاقے کو سیل کردیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مسکن چورنگی پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے.

Comments are closed.