پی ڈی ایم13دسمبر کو ا ستعفے دینے پر متفق نہ ہو سکی
فوٹو:سوشل میڈیا
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ13دسمبرکو استعفے متعلقہ فورم پر دینے پر متفق نہ ہو سکی تاہم فیصلہ کیا گیا کہ ارکان اسمبلی 31دسمبر تک استعفے پارٹی قائدین کو جمع کرا دیں گے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں 13دسمبر کو اسپیکرز قومی و صوبائی اسمبلیوں کو استعفے پیش کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرسکنے کے بعد استعفے دینے کااعلان31دسمبر لے جانے پر اتفاق ہوا تاہم یہ استعفے ارکان اسمبلی اپنے قائدین کو جمع کرائیں گے۔
اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان ، مریم نواز ، بلاول بھٹو زرداری ، میاں افتخار اور دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ، مولانا فیضل الرحمان کا کہنا تھاکہ13دسمبر کو مینار پاکستان میں جلسہ کریں گے، حکومت کی طرف سے رکاوٹ نہ ڈالنے کے اعلان کے باوجود انھوں رکاوٹ ڈالنے پر برے حشر کی دھمکی دی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا31 دسمبر کے اجلاس میں پہیہ جام، شٹر ڈاؤن، جلسے اور جلوسوں کا شیڈول طے ہوگا، لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ اور تاریخ کا تعین بھی ہوگا۔ آج وزیر اعظم نے پھر کچھ غلط باتیں کی ہیں، ہم نے حکومت کی ڈائیلاگ کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
انھوں نے کہا ہم اتفاق رائے کے ساتھ اپنے فیصلوں پر آگے بڑھ رہے ہیں، استعفے دے بھی دیے تو واپس نہیں چاٹیں گے، موجودہ حکومت ہل چکی ہے بس ایک دھکے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،سربراہ نواب اخترمینگل، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز سمیت دیگر قائدین شریک تھے۔
سربراہ اتحاد کا کہنا تھا کہ 9 دسمبر کو اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں ملک کے اندر پہیہ جام ہڑتال، شٹر ڈاؤن اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا بھی نہیں کہ گرفتاری کیا چیز ہوتی ہے؟
پریس کانفرنس کے اختتام پر صحافیوں نے دیگر رہنماؤں سے سوال کرنے کی کوشش کی تاہم مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے واضح اعلان کیا کہ مولانا صاحب نے جو بات کردی ہے ہم سب کی وہی بات ہے۔
اس سے پہلے سربراہی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے تجویز دی کہ پی ڈی ایم کے تمام ارکان اسمبلی اپنے استعفے مولانا فضل الرحمان کے پاس جمع کرادیں ۔
نواز شریف کاکہنا تھاکہ مولانا یہ استعفے لانگ مارچ کے خاتمے پر اسپیکر کو پیش کر دیں۔پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی شریک نہیں ہوئے۔
Comments are closed.