پنجاب کے 159 استعفےآگئے، 2 اسپیکر کوملنے پرحیران ہیں، مریم نواز
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں پنجاب کے 160 اراکین اسمبلی میں سے 159 کے استعفے میرے پاس آ گئے ہیں تاہم 2 استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس پہنچنے پر پریشانی کا اظہارکیا۔
مریم نواز نےسکھر روانگی سے پہلے جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا بینظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے ملک کے لیے میثاق جموریت کیا، میں اور بلاول میثاق جمہوریت لے کر آگے بڑھیں گے۔
سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کے استعفے سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ جاوید عباسی خود حیران ہیں کہ ان کے استعفے حکومت کے پاس کیسے پہنچے؟
ان کا کہنا تھا کہ استعفے اسپیکر کے پاس جمع کرانے کی تاریخ کا تعین پارٹی خود کرے گی، مسلم لیگ ن کے لوگ پیچھے نہیں ہٹ رہے، لوگ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومتی اجلاس میں بات ہوتی ہے کہ فلاں لیڈر پی ڈی ایم کے جلسے میں نہیں آیا لہذا دراڑ پڑ گئی، بلاول مردان میں نہیں آئے تو کہا جاتا ہے پی ڈی ایم میں دراڑ پڑ گئی، مجھے ان لوگوں کی حالت پر ترس آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ وفادار ہیں اور اسی پاداش میں بیٹے کے ساتھ جیل میں ہیں، شہباز شریف وفادار نہ ہوتے تو آج اس نالائق کی جگہ خود وزیراعظم ہوتے، دونوں لیگی ارکان اسمبلی کی نیت پر کوئی شک بھی نہیں کر سکتا۔
جے یو آئی کے رہنماؤں کو پارٹی سے نکالے جانے سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے لوگوں کو توڑنےکی کوشش کی تو بیک فائر ہوا اور انہیں منہ کی کھانی پڑی۔
مریم نواز نے کہا محمد علی درانی سے پہلے بھی حکومتی وزرا کی جانب سے ہمارے ساتھ رابطے کیے جاتے رہے ہیں، یہ بات واضح ہے کہ اس جعلی حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، عجیب بات ہے کہ جہاں خاندان والوں کو ملاقات کی اجازت نہیں وہاں دوسروں کی ملاقات کیسے ہو رہی ہے۔
Comments are closed.