پاکستان میں جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی گئی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن کی مدت میں 9 مئی تک کی توسیع کر دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں کوآرڈینیشن کمیٹی کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کو بڑھا رہے ہیں، رمضان میں سحر اور افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، 57 لاکھ خاندانوں تک 69 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ صوبائی حکومتیں لاک ڈاؤن کے حوالے سے اپنے صوبوں میں صورتحال کے مطابق فیصلے کریں گی، مئی میں وائرس پر قابو پالیا تو عید پر صورتحال مختلف ہوگی۔

اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے رمضان کا مہینہ فیصلہ کن ہوگا، اگر ہدایات پر عملدرآمد کریں گے تو معمولات زندگی جلد شروع ہو سکتے ہیں، اگر ہم نے بے احتیاطی کی تو ہو سکتا ہے کہ عید پر ہمیں مزید بندشیں لگانی پڑ جائے۔

وفاقی حکومت نے پہلے 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی تھی جس کے تحت انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک فلاٹس اور ٹرین سروس بھی معطل ہے جبکہ تعمیرات اور دیگر چند سیکٹرز کو ایس او پی پر عمل درآمد کے ساتھ کام شروع کرنے کی اجازت دی جاچکی ہے۔

وفاق کے اعلان کے بعد صوبہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا نے بھی 30 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا تاہم پنجاب نے 25 اپریل تک لاک ڈاؤن کیا تھاامکان ہے اب صوبے بھی توسیع کر دیں گے.

Comments are closed.