پاکستانی حکومت وعوام کورونا پر جلد قابو پا لیں گے،چینی سفیر

فوٹو : ٹوئٹر

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان میں متعین چین کے سفیر یاؤ چنگ نے پاکستانی عوام کو ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ ایک انتہائی چیلنجنگ وقت ہے اور پوری پاکستانی قوم نوول کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔

اسلام آباد کے چینی سفارتخانہ سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے اس آزمائشی وقت میں چینی حکومت کی طرف سے پاکستان کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں چینی سفیر یاؤ چنگ نے کہا کہ رمضان کے مقدس ماہ کے آغاز پر میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔

چینی سفیر نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں چینی حکومت، چین کے عوام اور پاکستان میں مقیم چینی کمیونٹی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستانی عوام کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وبا کی روک تھام کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کو لاکھوں کی تعداد میں طبی حفاظتی ساز و سامان سمیت دیگر اشیا فراہم کی ہیں۔

یاؤ چنگ کا کہنا تھا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے کئی چینی طبی ماہرین پاکستانی طبی عملے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس نازک مرحلے پر اس مہلک وبا کے خلاف جدوجہد میں پاکستانی حکومت، طبی ماہرین اور عوام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

چینی سفیر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستانی حکومت اور عوام اس مہلک وائرس کے چیلنج پر جلد قابو پالیں گے۔

یاؤ چنگ نے کہا کہ میں پوری پاکستانی قوم کو اپنی مخلصانہ اور نیک خواہشات پیش کرنا چاہتا ہوں اور ایک صحت مند، محفوظ اور خوش آئند رمضان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

Comments are closed.