حفیظ شیخ برطرف،وزارت خزانہ حماد اظہرکے حوالے

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپ دیا گیاہے ، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حفیظ شیخ سے استعفیٰ لے لیا گیا ۔

عبدالحفیظ شیخ وزیراعظم کے خصوصی اختیارات کے تحت چھ ماہ کیلئے وزیر خزانہ بنے تھے اگر سینیٹر بن جاتے تو وزارت پر قائم رہتے تاہم یوسف رضا گیلانی سے شکست کے بعد جون تک انھیں ویسے بھی عہدہ چھوڑنا تھا۔

سینیٹر شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالحفیظ کو ہٹانے جانے کی تصدیق بھی کی اور یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نئی معاشی ٹیم لانا چاہتے ہیں اوراس کی تیاری کی گئی ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عبدالحفیظ شیخ اب وزیرخزانہ نہیں رہے، و زیراعظم عمران خان نے نئی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے فنانس کی نئی ٹیم تشکیل دی ہے۔

شبلی فرازکا کہنا تھا کہ ملکی حقائق کو مدنظر رکھ کرفیصلے کیے جاتے ہیں،حماد اظہر اب فنانس ٹیم کی سربراہی کریں گے، غریب لوگوں کو ریلیف دینا ہے، جب کوئی نیا بندا آتا ہے تو نئی سوچ کے ساتھ آتا ہے۔

دوسری طرف ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اویس منظور سمرہ کو ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ مقرر جب کہ خیبر پختونخوا سے ندیم اسلم چوہدری کو ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کردیا گیا۔

یاد رہے حالیہ سینیٹ انتخاب میں حکومت نے اسلام آباد سے جنرل نشست پر حفیظ شیخ کو ٹکٹ دیا تھا تاہم انہیں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا.

اپریل 2019 میں موجودہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے کر حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کردیا تھا.

گزشتہ برس دسمبر میں لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ وزیراعظم کے معاونین اور مشیران کے پاس کابینہ کمیٹیوں کے اجلاس کی سربراہی کا اختیار نہیں۔

عدالتی فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے آرٹیکل 91 (9) کے تحت حفیظ شیخ کو 6 ماہ کے لیے وزیر خزانہ مقرر کردیا تھا، وہ رواں برس جون تک وزیر خزانہ کے عہدے پر رہ سکتے تھے۔

Comments are closed.