وزیراعظم17اپریل کو نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ کاافتتاح کریں گے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے نیا پاکستان ہاوٴسنگ اتھارٹی کی منظوری دیدی ہے۔ وزیراعظم عمران خان 17 اپریل کو اس اہم منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی وسلامتی کی صورتحال اور بھارتی حکومت کے رویے پر غور کیا گیا، ملکی معاشی صورتحال اور پارلیمنٹ سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نیا پاکستان ہاوٴسنگ اتھارٹی کی منظوری دی گئی ہے، فیصلہ کیاگیا کہ وزیراعظم عمران خان 17 اپریل کو اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

ایک لاکھ 35 ہزار گھروں سے منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔ وفاقی ملازمین کیلئے بھی ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائینگے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری ادارے پاکستان پوسٹ کا استعمال کریں گے جبکہ بابا گرونانک کے نام پر ریلوے سٹیشن بنایا جائے گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ رمضان المبارک سے پہلے فنانشنل معاملات میں سعودی عرب سے بڑی خوشخبری ملے گی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں حکومت نے ایمنسٹی سکیم کو پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ کیا۔ ٹیکس کی رقم نقد بینک اکاوٴنٹس میں جمع کرانا ہو گی۔

سال 2000ء کے بعد کے سرکاری افسران سکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرنا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔

Comments are closed.