وزیراعظم عمران خان کو پچھتاوا، غلطی مان لی

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے کے فیصلہ پر پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف باہر جانے کی اجازت دینا حکومت کی غلطی تھی۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف یہاں بیمار تھے لیکن لندن پہچتے ہی سیاست شروع کر دی، نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پرمجھے افسوس ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ حالات بتائے گئے کہ نواز شریف شاید لندن بھی نہ پہنچ سکیں، اگر میڈیکل بورڈ سفارش نہ کرتا تو نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دیتے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اپنے بچوں کی طرح بیرون ملک جائیدادوں کو ثبوت پیش نہیں کر سکے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی میں ایک دوسرے پر کیسز بنائے، اپوزیشن کا نیب پر جانبداری کا الزام لگانا مضحکہ خیز ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر موڑ پر حکومت کو بلیک میل کیا، اپوزیشن نے اس لیے بلیک میل کیا کہ انہیں کوئی این آر او مل جائے، لیکن جو مرضی ہو جائے احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

ایف اے ٹی ایف بل سینیٹ سے مسترد ہونے پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں گیا، ایف اے ٹی ایف بل کا مقصد منی لانڈرنگ کو روکنا ہے، ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ ہونے سے معیشت تباہ ہو سکتی ہے.

وزیراعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر پاکستان بلیک لسٹ میں گیا تو ایران جیسے معاشی حالات ہوسکتے ہیں ہم اس صورت حال سے نکلنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں ۔

دوسری طرف کراچی میں سیلاب سے متعلق
عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جلد سیلاب سے مستقل بچاؤ کے منصوبے کا اعلان کریں گے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے متاثرہ عوام کے مسائل سے ہماری حکومت پوری طرح آگاہ ہے، کراچی میں متاثرہ افراد کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ گورنر سندھ اور چیئرمین این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہوں، سیلاب میں پھنسے افراد کی فوری مدد کے لیے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایات دی ہیں۔

خیال رہے جمعرات تک کراچی میں طوفانی بارش سے متعدد علاقے زیر آب ہیں، حادثات میں 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں،جس کے باعث سندھ بھر میں کل چھٹی کا اعلان بھی کیا گیا ہے.

عمران خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کو متاثرین کو خوراک اور طبی امداد کی فراہمی سمیت بنیادی سہولیات کی فوری بحالی کی ہدایات دی ہیں، کراچی کی عوام کو مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے مستقل بچاؤ کے لیے جلد ایک منصوبے کا اعلان کریں گے، پینے کے پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کے لیے جامع منصوبہ بھی شروع کریں گےتاکہ آئند ہ ایسے نقصان سے بچا جا سکے۔

Comments are closed.